اظہر علی

اظہر علی کے 75 سالہ والد نے ریس جیت لی، والد کی ویڈیو شیئر کر دی

شیخوپورہ(ر پورٹنگ آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کے والد نے 75 برس کی عمر میں شیخوپورہ میں ہونے والی دوڑ جیت کر سب کو حیران کردیا۔کرکٹر اظہر علی نے ٹوئٹر پر والد کی ریس کی ویڈیو کو شیئر کیااور کہا کہ مجھے ان کا بیٹا ہونے پر فخر ہے۔خیال رہے کہ اظہر علی کے والد محمد رفیق بڑھتی عمر کے باوجود دوڑ کے بہت شوقین ہیں، حال ہی میں انہوں نے شیخوپورہ میں ہونے والی21 کلو میٹر دوڑ میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔

اظہر علی کے والد نے بزرگی میں بھی خود کو فٹ رکھا ہوا ہے اسی وجہ سے لاہور میں ہونے والی لمبی ریسز میں وہ شریک ہوتے رہتے ہیں۔75 سالہ محمد رفیق پاکستان اور دبئی میراتھن میں بھی حصہ لے چکے ہیں، وہ بچوں اور نوجوانوں کو متحرک رکھنے کے لیے کھیلوں کے میدانوں سے جڑے رہتے ہیں۔