فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن )سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اضلاع کو مالی خود مختاری دینے کیلئے ڈسٹرکٹ فنانس کمیشن قائم کیا جائے ،معاشی سر گرمیوں کے فروغ اور مقامی آبادیوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے ایم تھری موٹر وے کے ساتھ انڈسٹریل زون کا قیام نا گزیر ہے .
این اے 97کے عوام گواہ ہیں کہ حلقے میں قائم ہمارے سیاسی دفاتر دیرینہ مسائل کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے کی عوام سے ہماری وابستگی کسی عہدے کی محتاج نہیں ،عوام سے بلا تفریق اور بلا تعطل رابطے رکھ کر ثابت کیا ہے کہ ہم بے لوث خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پسماندہ علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ، اضلاع کو مالی خود مختاری ملنی چاہیے جس کے لئے ڈسٹرکٹ فنانس کمیشن قائم کیا جائے ۔
انہوں نے کہاکہ ہماری سیاست کا محور حلقے کی خوشحالی اور عوام کی ترقی ہے جس کیلئے ہم بھرپور آواز بلند کریں گے ،خدا کی ذات نے جتنی بھی استطاعت دی ہے مسائل کو اپنی ذاتی حیثیت میں بھی حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آئی ٹی کے فروغ کے لئے شہری علاقوں کی طرح دیہی علاقوں میں بھی منصوبے شروع کئے جائیں ،آئی ٹی کمپنیوں کو دیہی علاقوں کی جانب راغب کرنے کیلئے مراعات دی جائیں ۔