منعم ظفر خان 48

اصلاح نفس و معاشرہ کو تیز کرنا ہر مسلمان کی ذمے داری ہے منعم ظفر خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے، اس بابرکت مہینے میں اللہ کی طرف رجوع، اصلاحِ نفس اور معاشرے کی اصلاح کے لیے جدوجہد کو تیز کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ رمضان ہمیں صبر، تقوی اور ایثار کا درس دیتا ہے۔ اس مہینے کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام کے لیے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام بدانتظامی، مہنگائی اور شہری مسائل سے پریشان ہیں، جماعت اسلامی شہر کے مسائل کے حل اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی کے تحت منعقدہ شب بیداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر ضلع ڈاکٹر نور الحق، جمعیت اتحاد العلما کراچی کراچی کے ناظم اعلی مولانا عبد الوحید، امیر ضلع کیماڑی مولانا فضل احد، سیکرٹری ضلع سائٹ راشد خان و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔منعم ظفر خان نے کہا کہ رمضان کا پیغام یہ ہے کہ انسان اپنی زندگی کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالے اور معاشرے میں عدل، دیانت اور خیر کو فروغ دینے کے لیے عملی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کارکنان اور شرکا پر زور دیا کہ وہ عبادات کے ساتھ ساتھ دعوتِ دین اور خدمت خلق کے کاموں کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک اور بالخصوص کراچی کو دیانت دار اور باکردار قیادت کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی شہر کے عوام کے مسائل کے حل اور ایک منصفانہ و باوقار معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اصلاحِ نفس اور اجتماعی تبدیلی کا بہترین موقع ہے، اس مہینے کی برکتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمیں اپنے معاشرے کو بہتر بنانے کے لیے عزمِ نو کرنا چاہیے۔شب بیداری میں بڑی تعداد میں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی، اجتماعی دعا اور عبادات کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں امت مسلمہ، ملک کی سلامتی اور شہر کراچی کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں