لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے احساس پروگرام شروع ہو چکا ہے، کل وزیراعظم عمران خان نے اسکردو ایئرپورٹ سے انٹرنیشنل فلائٹس کا آغاز کیا اور جبلوٹ روڈ کا بھی افتتاح کیا ہے ان منصوبوں سے پاکستان میں سیاحت کا فروغ بڑھے گا، پاکستان سویزلینڈ سے کم نہیں مگر اس پر کسی نے توجہ نہیں دی، وزیراعلی نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مجھے کہا کہ سیاحتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں۔
وزیر اعلی پنجاب معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ کہ وزیراعلی چاہتے ہیں پنجاب میں ایکو ٹورازم کو فروغ ملے اور لوگوں کو یہاں روزگار مہیا ہو، اسکردو جلسے کی تصاویر دیکھ کر خیال آیا کہ وزیراعظم جنکی پوری زندگی مغرب میں گزری اور آج وہ پاکستان کا نام منتاز کرنے کے لیے کونے کونے میں سفر کررہے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دوسری جانب جو لاہور میں پلے بڑھے وہ حکومت یہاں کرتے ہیں اور اپوزیشن لندن میں کرتے ہیں، میں سوچتا ہوں شاید نواز شریف اسکردو کی ٹکٹ کروا کر سیر کرنے کے بہانے ہی آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف پی ڈی ایم نے کہا جلسے میں سردی کی وجہ سے لوگ نہیں آئے دوسری جانب اسکردو جیسے ٹھنڈے علاقے میں لوگوں کا جمع غفیر اکٹھا ہو جاتا ہے، پی ڈی ایم اگر مارچ سے پہلے مارچ کرنا چاہے تو ہم ان کو ہیٹر لگوا دیں گے۔ حسان خاور نے کہا کہ ن لیگ کی پرفارمنس جلسوں کیطرح آڈیو وڈیو بنانے میں بھی بیکار ہے، اب تو ثاقب نثار صاحب کی آڈیو کا بھی رزلٹ آگیا ہے جس کے مطابق ٹکڑے جوڑ کر بنائی گئی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباس نے سقوط ڈھاکہ کی بات کی ان لوگوں کی ویسے ہی محبت ہندوستان سے ہے، ان کے لیڈرز تو کپڑے بھی ہندوستانی ڈیزائنرز سے بنواتے ہیں وہ یہاں کے ڈیزائنرز سے کپڑے بنوا لیتے تاکہ پاکستان میں روزگار آتا۔ پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ عالمی منڈی کے مطابق یہاں بھی پیٹرول کی قیمتوں کمی ہو گی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے احساس پروگرام شروع ہو چکا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے شفاف الیکشن ہے ہمارا راشن پروگرام الیکشن کے لیے نہیں عوام کے لیے ہے، یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے گھبراتی ہے اوورسیز کے نام سے ان کے ماتھے پر پسینہ آتا ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ گیس کے مقامی ذخائر کم ہوئے ہیں ہم نے آج تک لوگوں کو سستی گیس فراہم کی ہے آئندہ بھی کریں گے مگر موجودہ صورتحال میں انڈسٹری کو فراہمی ممکن بنا رہے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہو رہا ہے اس پر مزید فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خواتین کو ایک محفوظ معاشرہ دینا ہے تبھی وہ مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوکر ہماری معشیت کو آگے بڑھا سکیں گے، ہم نے قانون پر نفاذ یقینی بنانے کیساتھ ساتھ اپنے بچوں کی تربیت بھی کرنی ہے تاکہ وہ معاشرے میں خواتین کو عزت دیں۔