یوسف رضا گیلانی

اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کا ریفرنس، یوسف رضا گیلانی اور دیگر پر فرد جرم کی کارروائی 12 جنوری تک موخر

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) احتساب عدالت اسلام آباد نے اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں سے متعلق ریفرنس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر پر فرد جرم کی کارروائی 12 جنوری تک موخر کر دی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ایک اہم پیش رفت ہوگی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کا ریفرنس کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان کی عدم حاضری کی وجہ سے فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔

سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سمیت دیگر ملزمان پر 12 جنوری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ایک اہم پیش رفت ہوگی، پھر اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھاکہ مجھ پر تین کیسز ہیں۔ آج فرد جرم عائد ہونی تھی پر باقی ملزمان نہیں آ سکے۔ ایک ملزم ملک سے باہر ہیں اور بیمار ہیں اس لیے فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔