احسن اقبال

اس وقت پاکستان کا بڑا چیلنج معیشت کو دوبارہ اپنے پائوںپر کھڑا کرنا ہے’ احسن اقبال

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کا بڑا چیلنج معیشت کو دوبارہ اپنے پائوںپر کھڑا کرنا ہے،آج جو معاشی مسائل کا چیلنج ہے اس کی بڑی وجہ 2018میں ملک چھین کر ایک اناڑی کو دیدیا گیا تھا، جو بھی 9مئی کی گھنائونی سازش میں ملوث ہے اس کو قانون ضرور گرفت میں لے گا،جو بھی انتشار پھیلانے کی سازش کا حصہ ہے اس کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ انجینئرنگ کونسل کا الیکشن پرامن طریقے سے ہورہا ہے،پاکستان انجینئرنگ کونسل میں پونے تین لاکھ انجینئرز رجسٹرڈ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں پاور سیکٹر کو مضبوط کرنے سے آگے بڑھنے میں کامیابی ملے گی،پنجاب حکومت نے عوام کو سستی بجلی دینے کے لئے ریلیف کا اعلان کیا ہے جس پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ ملک کو آج جو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے اس کے بارے میں ساری قوم آگاہ ہے ،2018میں ملک کو ایک اناڑی کو دینے کے نتائج بھگت رہے ہیں،وہ ساری ترقی جو ہم نے خون پیسہ لگاکر کی تھی اس کو ختم کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ ایک مرتبہ پھر دو سے تین سال میں ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا،جس تیزی سے لوگ باہر جارہے ہیں اسی تیزی سے واپس آئیں گے ،یہ ملک پاکستانیوں کا ہے،اگر اس ملک کی آزادی کی قیمت کسی سے پوچھنی ہے تو غزہ اور کشمیر کے لوگوں سے جاکر پوچھیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص ملک سے بڑا نہیں ہوسکتا،ایک شخص کہتا ہے کہ مجھے پنجرے میں بند کررکھا ہے،حالانکہ مجھے بھی اسی پنجرے میں بند کررکھا تھا۔ جنہوں نے 190ملین پونڈ کی کرپشن کی ہے وہ اس کی رسیدیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کا واقعہ ایک افسوسناک اور گھنائونا واقعہ تھا جس میں ہماری فوج کے خلاف سازش تھی،عدلیہ کو بھی ویسے ہی فیصلے دینے چاہئیںجیسے برطانیہ میں فیصلے کئے گئے،دنیا میں جمہوریت کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اپنی ریاست کے خلاف انتشار پیدا کریں،جو بھی اس گھنائونی سازش میں ملوث ہے اس کو قانون ضرور گرفت میں لے گا،جو بھی انتشار پھیلانے کی سازش کا حصہ ہے اس کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔