نعمان اعجاز

اس وقت پاکستانی ڈراما ختم ہوچکا اس کا کریڈٹ خود ہمیں ہی جاتا ہے ، نعمان اعجاز

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) معروف ڈراما اداکار و پروڈیوسر نعمان اعجاز نے تسلیم کیا ہے کہ اس وقت پاکستانی ڈراما ختم ہوچکا ، اس کے خاتمے کا کریڈٹ خود ہمیں ہی جاتا ہے۔

نعمان اعجاز نے کہا کہ ایک وقت تھا جب سرکاری ٹی وی پر چاروں صوبوں کی روایات اور ثقافتوں پر مبنی ڈرامے دکھائے جاتے تھے اور لوگ گھر بیٹھے دوسرے صوبے کی روایات سے واقف ہوتے تھے۔

نعمان اعجاز نے کہا کہ اب پاکستانی ڈراما ڈرائنگ روم اور گھر تک محدود ہوگیا ہے، جس میں ساس اور بہو کے جھگڑوں سمیت بیوی اور شوہر کے درمیان تلخیوں اور ماں اور بیٹی کے درمیان حسد کو دکھایا جاتا تھا۔انہوں نے پاکستانی ڈراموں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حیرانگی اس بات کی ہے کہ آج کا پاکستانی ڈراما ایک گھر میں ہی بنتا ہے اور ڈرامے کے کرداروں کو باہر جھانکنے تک نہیں دیا جاتا۔نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ ڈرامے کے ایسے زوال میں سب سے بڑا کردار چینل مالکان کا ہے جو کسی بھی قیمت پر ایسا ڈراما چاہتے ہیں جس سے ریٹنگ بنے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراما انڈسٹری میں لوگ پروفیشنل ازم سے ناواقف ہیں اور پوری انڈسٹری سوری اور کمپرومائیز پر چل رہی ہے، کسی کو کسی طرح کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا احساس نہیں، لوگ پروفیشنل ازم سے ناواقف ہیں۔متعدد ڈراموں میں شاندار کردار ادا کرنے والے اداکار کا کہنا تھا کہ آج کل کا پاکستانی ڈراما لوگوں کو تعلیم نہیں دے رہا اور وہ لوگ نیٹ فلیکس اور پرائم ایمازون کی طرف جا رہے ہیں۔