علی ظفر

اس سے جڑیں جس نے سب کو پیدا کیا، علی ظفر

کراچی (ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے حوصلہ افزا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جڑنے کی کوشش کریں جس نے آپ کو اور سب کو تخلیق کیا۔ یاد رکھیں آپ خوش رہنے، کامیاب ہونے اور جینے کے مستحق ہیں۔ ایمان رکھیں اور اس چیز پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں، ہر چیز ٹھیک ہوجائے گی۔یوم پاکستان پر تمغہ حسن کارکردگی پانے کے بعد علی ظفر نے سوشل میڈیا اکائونٹس پر پیغام لکھا کہ ہمیشہ اپنے والدین کی عزت اور انہیں پیار کریں۔ اہل خانہ اور مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کا بھی احترام کریں۔ ہمیں ایک خوبصورت زندگی سے نوازا گیا ہے ہم پر ہے کہ ہم اس کا کیا کریں۔علی ظفر نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ہمارے پاس ہمیشہ مہربانی اور ظلم، ہمدردی اور سفاکیت، پیار اور نفرت کے درمیان انتخاب کرنے کا اختیار ہوگا۔

ہمارا انتخاب ہماری پہچان کراتا ہے۔ زندگی کبھی بھی خوشگوار نہیں ہوتی اس میں ہمیشہ اتار چڑھاو? اور مشکلات ہوتی ہیں۔علی ظفر نے لکھا کہ زندگی میں ہمیشہ ایسے لوگ آتے ہیں جو آپ پر یقین نہیں کریں گے۔ لیکن ساتھ ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جو آپ پر یقین کریں گے اور آپ کو آگے بڑھائیں گے۔ منفی لوگوں اور منفی سوچ کو خود کو استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔ اپنے چہرے پر مسکراہٹ،دل میں محبت اور سخت محنت کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔گلوکار علی ظفر نے اپنے تمام مداحوں،دوستوں اور نیک خواہشات رکھنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا یہ پیغام لوگوں کے لئے مشکل وقت میں کام آئے گا اور زندگی کے مقاصد کے حصول کے سفر میں انکی مدد کریگا۔