لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ دو سال ہوئے، اس خطے کے ہٹلر مودی نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کی ہوئی ہے، مودی سرکار کی سیاہ کاریوں کے باعث اس خطے اور عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
جمعرات کو یوم استحصال کشمیر پر وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے انکار بھارتی ہٹ دھرمی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی اس حق میں نہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مسئلہ کشمیر پر 22 کروڑ پاکستانیوں کے جذبات کے ترجمان ہیں، اس خطے کے ہٹلر مودی نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کی ہوئی ہے،مودی سرکار کی سیاہ کاریوں کے باعث اس خطے اور عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ صوبائی وزیر جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری کشمیر میں بھارتی ظلم و استبداد پر اپنی آواز بلند کرے۔