اسپیکر پنجاب اسمبلی

اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف قرارداد عدم اعتماد نمٹا دی گئی، اجلاس 6 جون تک ملتوی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے خلاف قرارداد عدم اعتماد نمٹا دی گئی۔ اتوار کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس شروع ہوتے ہی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف قرارداد کا ذکر کیا گیا۔

اجلاس میں پینل آف چیئرمین نے حکومتی اتحاد کی جانب سے جواب نہ ملنے پر تحریک نمٹا دی۔ چیئرمین پینل نے تحریک عدم اعتماد کے محرک کو بار بار پکارا تاہم تحریک کے محرک سامنے نہ آنے پر قرارداد نمٹا دی گئی، اور ن لیگی ارکان کے ایوان میں داخل ہوتے ہی اجلاس 6 جون تک ملتوی کر دیا گیا۔اسمبلی اجلاس میں تاخیر پر پی ٹی آئی کے اراکین کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا بھی دیا گیا، تاہم اسمبلی کے دروازے کھلنے پر دھرنا ختم کردیا گیا۔

دھرنا دینے والوں میں ندیم بارا، رانا شہباز، فیاض الحسن چوہان اور نوابزادہ منصور سمیت دیگر اراکین شامل تھے، ن لیگی اور اتحادیوں کو بھی اسمبلی کے اندر داخلے سے روک دیا گیا تھا۔