اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سردار عطا اللہ مینگل کی سیاسی وسماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور اختر مینگل سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کی۔
اسد قیصر نے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال کا سن کر دلی صدمہ ہوا، یہ ایک مدبر اور بااصول سیاسی راہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل نے زندگی بھر اصولوں پر مبنی سیاست کی اور ملک میں آئین کی بالادستی محروم طبقات اور بالخصوص بلوچستان کے عوام کے حقوق اور جمہوریت کیلئے جدوجہد کی۔ اسد قیصر نے مزید کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل بلوچستان کے حقوق کے لئے ہمیشہ متحرک رہے، بلوچستان کی عوام ایک مخلص نڈر اور بے باک رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اختر مینگل سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال پر اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔