دیر کالونی پشاور

اسپیکراور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی دیر کالونی پشاور کے مدرسے میں ہونے والے دھماکے کی مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے دیر کالونی پشاور کے مدرسے میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

اپنے بیان میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اپنے علیحدہ علیحدہ مذمتی بیانات میں دیر کالونی پشاور کے مدرسے میں ہونے والے دھماکے کو ملک دشمن عناصر کی ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لا نے کا کہا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اس واقعے میں شہید ہونے والے کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔