سندھ ہائیکورٹ

اسپیشل جوڈیشل الاؤنس کی عدم فراہمی سے متعلق عدالتی عملے کی سندھ حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ملتوی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے اسپیشل جوڈیشل الاؤنس کی عدم فراہمی سے متعلق عدالتی عملے کی سندھ حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت اگست کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی ہے ۔

سندھ ہائیکورٹ میں اسپیشل جوڈیشل الاؤنس کی عدم فراہمی سے متعلق عدالتی عملے کی سندھ حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ فنانس سیکریٹری اور چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے بیرسٹر مرتضی وہاب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کہاں ہیں؟

سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ممبر انسپکشن ٹیم ون اور ڈپٹی رجسٹرار بجٹ برانچ عدالت میں موجود ہیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے موقف دیا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کردیا ہے۔ کابینہ میٹنگ میں جوڈیشل ملازمین کے الانس کے لئے رقم بجٹ میں مختص کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ سندھ اسمبلی میں بجٹ اجلاس جاری ہے۔ کابینہ نے یہ معاملہ سندھ اسمبلی بھیج دیا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ الانس کے لئے رقم مختص کرنے کی ابھی صرف تجویز ہے، منظوری نہیں ہوئی۔ جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیئے کہ ہم بجٹ منظوری کے بعد رپورٹ طلب کرلیتے ہیں۔ مرتضی وہاب نے موقف دیا کہ چیف سیکریٹری، سیکریٹری خزانہ و قانون کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ابھی رہنے دیں، بجٹ کے بعد دیکھیں گے۔ عدالت نے سماعت اگست کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔