فیصل آباد(رپورٹنگ آن لائن) اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں 3 میڈلز جیتنے کا کارنامہ انجام دینے والے ایتھلیٹ عبدالصبور واپس وطن پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق محلہ پنج پیر میں اہلخانہ اور شہریوں کی جانب سے اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں 3 میڈلز جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ عبدالصبور کا والہانہ استقبال کیا گیا، شہریوں نے اسپیشل قومی ہیرو پر نوٹ نچھاور کیے۔لوگوں نے عبدالصبور کی آمد پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا بھی ڈالا، اسپیشل ایتھلیٹ نے اٹلی میں منعقدہ اسپیشل اولمپکس میں گولڈ، سلور اور برونز میڈلز جیتے۔
خیال رہے کہ اٹلی کے شہر ٹورین میں منعقدہ اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔50 میٹر کراس کنٹری اسکینگ میں پاکستان کے منیب الرحمٰن نے گولڈ میڈل جیتا، اس ہی ایونٹ کے ویمنز فائنل میں پاکستان کی روینہ قربان نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔کراس کنٹری اسکینگ میں معظم اقبال نے 800 میٹر اسنو شوئنگ میں پہلی پوزیشن کرکے گولڈ میڈل جیتا تھا، 200 میٹر اسنو شوئنگ ایونٹ میں عبدالصبور نے میڈل حاصل کیا تھا۔