لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان پالیسی ریٹ کی شرح سات فیصد برقرار رکھنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ کوویڈ- 19 کی وجہ سے بزنس کمیونٹی خاص طور پرچھوٹے تاجریہ توقع کر رہے ہیں کہ اسٹیٹ بینک فراہم کردہ پالیسی شرح میں مزید کمی کرے گا .
جس سے صنعتی شعبہ جو پہلے ہی مشکل سے دوچار ہے کی مشکلات میں کمی ہوتی ۔ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے میں انتہائی اہمیت کی حامل نئی سرمایہ کاری کے لئے یہ اقدام بہت ضروری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی کی شرح میں نمایاں کمی سے صنعتی شعبے کو مدد ملے گی۔
لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پالیسی کی شرح میں کمی سے صنعتی شعبے کو بہت سے طریقوں سے فائدہ ہوگا یعنی اس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور پاکستانی مصنوعات میں بین الاقوامی منڈی کے ساتھ مسابقت پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ، ڈنمارک اور جاپان جیسے ممالک اپنے صنعتی شعبے کی سب سے کم شرح سود کے زریعے مدد کر رہے ہیں.
اور انہوں نے پچھلے کئی سالوں سے پالیسی کی شرح کو کم سے کم سطح پر برقرار رکھا ہے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کی وجہ سے تاجر برادری کو متعدد امور کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جیسے کیش فلو، پراڈکشن اوربرآمدات وغیرہ ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پالیسی کی شرح میں مزید کمی کرکے ان شعبوں میں سہولت کاری کی جائے۔