بلاول بھٹو زرداری 13

اسلام کی تعلیمات امن، رحم دلی اور انصاف پر مبنی ہیں اور انہیں نفرت یا تعصب کے ذریعے مسخ نہیں کیا جا سکتا،بلاول بھٹوزرداری

کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر مسلمانوں کے خلاف نفرت، تعصب اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے مشترکہ عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ اسلاموفوبیا صرف مسلمانوں کے وقار اور حقوق پر حملہ نہیں بلکہ رواداری، بقائے باہمی اور مختلف اقوام و مذاہب کے درمیان باہمی احترام جیسے عالمی اقدار کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری کو بڑھتی ہوئی عدم برداشت کا مقابلہ کرنے، مذہبی آزادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور مذاہب و ثقافتوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کے لیے مثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات امن، رحم دلی اور انصاف پر مبنی ہیں اور انہیں نفرت یا تعصب کے ذریعے مسخ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ایسے معاشروں کے قیام کے لیے مل کر کام کریں جو احترام، ہم آہنگی اور مساوات کی بنیاد پر قائم ہوں، جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے وقار اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں