اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے افسران کے بقایاجات کی ادائیگی کا آغاز

حیدرآباد(رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے اور واضح احکامات کے بعد وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور وزارت خزانہ کی جانب سے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) کے سول سرونٹ گزیٹیڈ فیلڈ افسران کے سات سال سے زیر التوا بقایاجات کی ادائیگی کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے.

یہ عمل ان آئینی درخواستوں کے نتیجے میں ممکن ہوا جو فیلڈ افسران کی جانب سے اپنے وکیل عبد الرحمن علوی ایڈووکیٹ کے توسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھیں، درخواست گزاروں میں شفیع محمد ملاح، علی بخش میمن، غلام مصطفی بگھیو، الہ داد سومرو، محمد حکیم جروار، قاسم مصطفی سومرو، غلام حسین چانڈیو، سکندر ہالیپوتو، محمد عمران شیخ، سید ذوالفقار علی شاہ، اشوک کمار، اتم داس، طالب ڈاہری، نظیر حسین شر، مولا بخش میر بحر اور جہانگیر طاہر خان سمیت مجموعی طور پر 74 فیلڈ افسران شامل ہیں.

افسران نے پہلی قسط کی ادائیگی پر عدالت عالیہ اسلام آباد، سیکریٹری وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور دیگر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ انصاف کے تسلسل اور عدالتی نظام پر اعتماد کی ایک نمایاں مثال ہے، افسران نے اس امر پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ طویل انتظار کے بعد انہیں وہ حق مل رہا ہے جو کئی برسوں سے زیر التوا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ تمام سرکاری ملازمین کے لیے امید اور انصاف کا پیغام ہے، فیلڈ افسران کے مطابق بقایاجات کی ادائیگی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا تاکہ تمام مستحق فیلڈ افسران کو ان کا حق شفاف طریقے سے فراہم کیا جا سکے