اسلام آباد ہائیکورٹ 54

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی میڈیکل کالج کو طالبہ سے ساڑھے 24لاکھ روپے سالانہ فیس وصولی سے روک دیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی میڈیکل کالج کو طالبہ سے 18 لاکھ روپے سے زائد سالانہ فیس وصول کرنے سے روک دیا۔ جمعرات کو جسٹس ارباب محمد طاہر نے نجی میڈیکل کالج کی طالبہ کی درخواست پر حکم جاری کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاق، پی ایم ڈی سی اور کالج انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔درخواست گزار کے وکیل شفقت عباس تارڑ نے کہا کہ درخواست گزار ایم بی بی ایس میں سال دوئم کی طالبہ ہے، پی ایم ڈی سی نے سالانہ فیس کی حد 18 لاکھ روپے مقرر کر رکھی ہے۔وکیل نے کہا کہ میڈیکل کالج کی جانب سے 18 لاکھ روپے کے بجائے 24 لاکھ 50 ہزار روپے سالانہ فیس مانگی جا رہی ہے، نجی میڈیکل کالج کی جانب سے سالانہ فیس میں اضافہ پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کالج انتظامیہ کو درخواست دی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی، فیس ادا نہ کرنے پر فائنل امتحانات میں بیٹھنے سے روکنے اور ایڈمٹ کارڈ جاری نہ کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

وکیل نے استدعا کی کہ 18 لاکھ روپے سے زائد فیس طلب کرنے کو غیر قانونی قرار دیا جائے، عدالت کالج کو 18 لاکھ روپے سے زائد فیس وصول کرنے اور طالبہ کو امتحانات سے روکنے سے باز رکھے۔عدالت نے کالج انتظامیہ کو آئندہ سماعت تک زائد فیس وصول کرنے سے روکتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں