اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے بورڈ ممبران کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے بورڈ ممبران کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ پیر کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔

وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ سی ڈی اے میں کچھ بورڈ ممبران کو ایڈیشنل اور کچھ کو عارضی چارج دیا گیا ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ سی ڈی اے بورڈ ممبران کے پاس دو دو چارج ہیں۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ اس کیس میں پٹیشنر کا کیا انٹرسٹ ہے؟ ۔وکیل درخواست گزار نے کہاکہ پٹشنر فرخ بھٹی صحافی ہے۔

چیف جسٹس نے کہاکہ تو پھر ان کو وزیر اعظم پورٹل پر درخواست دینی چاہیے، وزیراعظم پورٹل پر اگر کوئی نہیں سنتا تو پھر یہاں آجائیں۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ منتخب وزیراعظم ہیں پورٹل کے ذریعے یہ ان کے نوٹس میں لائیں، آپ کو معلوم ہونا چاہیے یہاں پر زیر التوا کیسز کا اثر پورے عدلیہ پر پڑتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہاکہ اس کورٹ میں اور بہت سارے کیسز زیر التوا ہیں، پندرہ پندرہ سال سے عوام کے کیسز یہاں پر زیر التوا ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ جب الگ سے درخواست کا فورم موجود ہے تو آپ وہاں جائیں۔عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔