اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ :روز ہوٹل پالیسی کی تفصیلات طلب

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت سے نیو یارک میں واقع روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق پالیسی کی تفصیلات مانگ لیں۔

پیر کے روز جسٹس عامر فاروق نے پی آئی اے کے نیویارک میں واقع روزویلٹ ہوٹل کی بندش کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔ وکیل صفائی طارق اسد ملک نے عدالت کو بتایا کہ نیو یارک میں قائم قومی عمارت روزویلٹ ہوٹل کو اپارٹمنٹس اور دفاترمیں تبدیل کیا جا رہا ہے روزویلٹ ہوٹل کی اپنی ایک تاریخی اہمیت ہے ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی روزویلٹ ہوٹل خریدنا چاہتے ہیں عدالت نے کہا کہ پہلے بھی اس حوالے سے درخواست آئی تھی حکومت کے بیان کے بعد درخواست نمٹا دی تھی۔

عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ حکومت کی روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق پالیسی کیا ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دینے کیلئے مہلت کی استدعا کی ۔ اس موقع پر وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ اگر ہوٹل کی عمارت کی نیچر بھی تبدیل کریں گے تو ملین ڈالر خرچ ہو جائیں گے درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت روزویلٹ ہوٹل کی بندش روکنے اور کاروبار جاری رکھنے کا حکم دے ۔

عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو حکومت سے ہدایات لیکر آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی