اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر کے 1971 سے متعلق انکشافات پر تحقیقات کی درخواست مسترد کردی،چیف جسٹس اسلام آ باد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ملک کی نہ سیکورٹی نہ استحکام اتنا کمزور ہے کہ ایک کتاب سے اس کو فرق پڑے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر کے 1971 سے متعلق انکشافات پر تحقیقات کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وزیراعظم کو معاملے کی تحقیقات کے لیے درخواست دی لیکن کوئی عمل نہیں ہوا۔
چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے درخواست گزار سے کہا کہ ہمارے ملک کی نہ سیکورٹی نہ استحکام اتنا کمزور ہے کہ ایک کتاب سے اس کو فرق پڑے، کیا محمود الرحمن رپورٹ آپ نے پڑھی ہے؟ پہلے وہ پڑھیں، کسی کے بیان سے آپ نے سیاسی سوال اٹھایا یہ سیاسی سوالات پارلیمنٹ کو دیکھنے ہوتے ہیں،
آپ جائیں جو آپ کے حلقے کے نمائندے ہیں وہ اس کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھ سکتے ہیں،اس قسم کی پٹیشنز عدالتوں کے دائرہ کار میں نہیں آتیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔