اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں بریت کی اپیل میں نیب کی طرف سے جواب کیلئے مہلت کی استدعا پراحتساب عدالت کو آصف علی زرداری پر فرد جرم سے روکنے کے حکم میں 23 نومبر تک توسیع کردی۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے نےسابق صدر آصف علی زرداری کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں بریت کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ہمیں جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت دیا جائے،فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہاکہ اب تو تیسرا نیب ترمیمی آرڈیننس بھی آ چکا ہے، اسے بھی دیکھنا ہے،جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیے کہ شاید چوتھی ترمیمی آرڈیننس بھی آنے والا ہے،
فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہاکہ یہ آرڈیننس فیکٹری ہے میں تو یہی کہوں گا،عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نے فرد جرم سے قبل بریت کی آصف علی زرداری کی درخواست مسترد کر دی تھی۔