اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر داخلہ کی نا اہلی کیلئے شہری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی نا اہلی کیلئے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر سماعت ہوئی ، درخواست گزار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران نیازی کو نا اہل قرار دیا جائے ، عمران نیازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے 16 ایم این اے فروخت ہو چکے ہیں ، شیخ رشید نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ افراد کون ہیں ، اگر نام لیا تو حکومت ختم ہو جائے گی۔
چیف جسٹس نے درخواست گزار فدا اللہ سے کہا کہ یہاں سیاسی تقریر مت کریں ، یہ بتائے کہ آپ کہاں کے رہائشی ہیں اور وہاں کا رکن قومی اسمبلی کس جماعت سے تعلق رکھتا ہے ؟۔ درخواست گزار نے جواب دیا کہ میں لکی مروت سے ہوں اور وہاں کا رکن اسمبلی مسلم لیگ ن سے ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اپنے رکن اسمبلی سے کہیں کہ وہ درخواست دائر کریں ، عدالت نے شہری فدا اللہ کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔