اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران 600 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس سے متعلق مقدمات پر حکم امتناع ختم کر کے کیس نمٹا دیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل خصوصی ڈویڑن بینچ نے 424 ارب روپے کے ٹیکس کیسز نمٹائے۔قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی ہدایت پر ٹیکس اور ریونیو کیسز جلد نمٹانے کے لیے خصوصی ڈویژن بینچ قائم کیا گیا تھا۔جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے 150 ارب روپے کی ٹیکس ریکوری کے 94 مقدمات نمٹائے.
قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس نے 36 ارب روپے کے ٹیکس کیسز پر حکم امتناع ختم کیا۔یاد رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے رواں ماہ کی ابتدا میں آگاہ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی کی بدولت اور سخت ہدایات پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپنے قانونی نظام میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے زیر التوا مقدمات میں بڑی کامیابی حاصل کر لی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف کی ہدایات پر ایف بی آر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا کیسز کی بھرپور پیروی کی، جس کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے ایف بی آر کے حق میں فیصلے دیتے ہوئے عدالت نے مجموعی طور پر 36.14 ارب روپے مالیت کے مقدمات نمٹا دیے۔
اعلامیے کے مطابق کھربوں روپے کا ریونیو جو عرصہ دراز سے مختلف مقدمات میں پھنس کر رہ گیا تھا اور قومی محصولات کی وصولی میں بڑی رکاوٹ بنا ہوا تھا، وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر قانونی کارروائیوں اور نمائندگی کے لیے ایک مربوط حکمتِ عملی وضع کی گئی جس کے نتیجے میں ایف بی آر کو نمایاں کامیابیاں ملنے کا سلسلہ شروع ہوا۔