اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے علاقے ایچ 13میں بورنگ کیلئے کھدائی کے دوران تیل دریافت ہونے کے بعد لوگوں نے تیل جمع کرنا شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ایچ 13میں کھدائی کے دوران تیل نکل آیا، تیل بورنگ کے دوران نکلا اور کافی مقدار میں تیل موجود ہے۔ کھدائی کے دوران تیل نکلنے کے بعد عوام نے تیل ڈرموں میں بھرنا شروع کر دیا جبکہ کئی شہری کنویں کھود کر غیر قانونی طور پر تیل نکال کر فروخت کرنے لگے ، جس پر ضلعی انتظامیہ نے سخت ایکشن لیا۔
انتظامیہ نے اطلاع پر جگہ کو سیل کر کے تیل کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگلولیٹری اتھارٹی(اوگرا)کو بھیج دئیے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اسسٹنٹ کمشنر عبد اللہ خان کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اوگرا صورتحال کا جائزہ لےرہا ہے۔