جدید ترین بس سروس

اسلام آباد کے شہریوں کیلئے خوشخبری، جدید ترین بس سروس کا عنقریب آغاز ہوگا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد کے شہریوں کے لئے خوشخبری، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کی جانب سے اسلام آباد میں جدید ترین بس سروس کا عنقریب آغاز کر دیا جائے گا، ابتدائی طور پر مقررہ اوقات پر تین روٹس پر 29بسیں چلائی جائیں گی،

ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کو سفر کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے جدید ترین بس سفر کا آغاز کیا جارہا ہے، بس سروس کو آئندہ سال 2022میں اپریل ، مئی کے مہینے میں فعال کیئے جانے کا امکان ہے ،آزمائشی فیز کے لئے تین روٹس تجویز کئے گئے ہیں ،پہلا روٹ سواں انٹرچینج تا فیصل مسجد تک تجویز کیا گیا ہے، دوسرا روٹ بھارہ کہو تا فیض احمد فیض میٹرو بس اسٹیشن تک تجویز کیا گیا ہے جبکہ تیسرا روٹ ترنول ریلوے اسٹیشن تا این5میٹرو بس اسٹیشن تک تجویز کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر مقررہ اوقات پر ان تین روٹس پر 29بسیں چلیں گی ،

یہ روٹس” ٹومیٹرو بس سسٹم “کے لئے فیڈر سروس کے طور پر بھی کام آئیں گے، ذرائع کے مطابق سال2013سے سال 2018کے دوران اسلام آباد کو ٹرانسپورٹ کی سہولت کی فراہمی کے ضمن میں متعدد اسٹڈیز کا اہتمام کیا گیا تھا۔