رپورٹنگ آن لائن۔۔۔
اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی کی پولیس نے ایک بڑی کارروائی میں گولڑہ موڑکے قریب چھاپہ مارتے ہوئے 24 سو لیٹر الکوحل سے بھرا مزدا ٹرک نمبر LWN-1143 قبضے میں لیتے ہوئے،ملزمان نبیل مسیح اور محمد فاروق کو گرفتار کرلیا ہے۔
تھانہ شمس کالونی کے سب انسپکٹر عظمت کا کہنا ہے کہ 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔جبکہ تیسرا ملزم تنویر مسیح فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا یے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہےاور تفتیش کی روشنی میں ٹھوکر نیاز بیگ لاہور اور شیخوپورہ کے طلحہ اور محمود خان نامی افراد کی گرفتاری کے لئے بھی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان ریکٹیفائیڈ سپرٹ کسی قسم کے لائسنس کے بغیر خریدتے اور شراب بنانے والوں کو بیچتے ہیں۔
ملزمان کے خلاف اطلاعات ملی تھیں کہ وہ علاقے میں شراب فروشی کا ناجائز دھندہ کر تے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان ضیا باجوہ نے بھی 24 سو لیٹر شراب پکڑے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو کسی صورت بخشا نہیں جائیگا۔
ادھر ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ تاندلیانوالہ شوگر ملز مظفرگڑھ سے ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس ادا کئے بغیر خفیہ طریقے سے ٹینکر بیچے جاتے ہیں اور یہ الکوحل لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور دیگر شہروں میں بکتی ہے۔
یہ بھی الزام ہے کہ تاندلیانوالہ شوگر ملز مظفرگڑھ سے چوری چھپے نکلنے والے ٹینکر جعلی دستاویزات، بوگس اجازت ناموں اور فرضی لائسنسوں کے حامل ہوتے ہی۔
واضح رہے اسلام آباد تھانہ ترنول کی پولیس نے بھی ایک ماہ قبل 30 ہزار لیٹر شراب کا ٹینکر پکڑا تھا