شہبازاکمل جندران۔
لاہور ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں بھاری رشوت کے عوض اسلام آباد نمبر کی سینکڑوں گاڑیوں کی انسپکشن کیئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ریجن سی لاہور محمد آصف نے شکایات سامنے آنے پر معاملے کی ابتدائی طورپر چھان بین کی اور الزامات سچ ثابت ہونے پر ایکسائز انسپکٹر غلام محی الدین کو شوکاز کردیا ہے۔

شوکاز میں بیان کیا گیاہے کہ ای ٹی آئی غلام محی الدین نے موٹر برانچ ڈی ایچ اے لاہور میں تعیناتی کے دوران شوروم مالکان اور ایجنٹوں سے ملی بھگت کرتے ہوئے 351 گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کرتے ہوئے فی گاڑی 10 سے 20 ہزار روپے رشوت موصول کی۔
اور22 جولائی، 25 جولائی، 4 اگست اور 18 اگست کو اجازت اور رخصت کے بغیر گوجرانوالہ، سیالکوٹ وغیرہ شہروں میں جاکر گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کی اور اختیارات سے تجاوز کیا۔
صورتحال سامنے آنے پر ڈی جی ایکسائز نے بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
ڈائریکٹر ریجن سی لاہور نے ای ٹی آئی مذکور سے 3 دنوں کے اندر وضاحت طلب کرلی ہے بصورت دیگر اس کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








