اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 50 ایکٹر اراضی پر پاکستان کی سب سے بڑی نرسری تکمیل کے قریب ہے،10 لاکھ پودے ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پارک روڈ پر واقع سی ڈی اے ماڈل نرسری کادورہ کیا اور ماڈل نرسری کے مختلف سکیشز پر ترقیاتی کاموں پر پیشرفت کا معائنہ کیا ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نرسری کے ماسٹر پلان کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے ماڈل نرسری میں بنائے گئے رین واٹر ہاروسٹنگ تالاب کا بھی معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے کہاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل نرسری بنائی جا رہی ہے، ماڈل نرسری مستقبل میں اسلام آباد کے شہریوں کی ہارٹیکلچر ضروریات کو پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوںنے کہاکہ فلاور شاپ اور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ بھی بنائیں گے۔ وزیر داخلہ نے سی ڈی اے ملازمین کو پودوں کی دیکھ بھال کے لئے ٹریننگ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے آذربائیجان ٹیم کو بہترین کام کرنے پر شاباش دی ۔ بریفنگ دی گئی کہ رواں سال مون سون میں 25000 مفت پودے تقسیم کر چکے ہیں، باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین معاونت فراہم کر رہے ہیں۔بتایاگیاکہ نرسری میں منفرد اور جدید طرز کے کنٹرولڈ وینٹیلیٹڈ گرین ہائوسز تعمیر کئے گئے ہیں جو پودوں کی نشوونما کیلئے مثالی ماحول فراہم کریں گے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ماڈل نرسری میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ممبران سی ڈی اے، اے ڈی سی جی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے









