باکسرز

اسلام آباد میں باکسنگ ٹورنامنٹ میں ورلڈ چمپئن باکسر محمد وسیم سمیت دو سو سے زائد باکسرز نے حصہ لیا

اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن) ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی/ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات کی خصوصی ہدایت پر چیف میٹروپولیٹن آفیسر کیپٹن (ر) سید علی اصغر کی زیر نگرانی ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کلچر اینڈ ٹورازم سی ڈی اے/ایم سی آئی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایم سی آئی نائٹ باکسنگ ٹورنامنٹ کروایا گیا فوکل پرسن ایم سی آئی ڈاکٹر ایم عبداللہ تبسم کے مطابق باکسنگ ٹورنامنٹ میں ورلڈ چمپئن باکسر محمد وسیم سمیت دو سو سے زائد باکسرز نے حصہ لیا۔ مختلف ویٹ کی کیٹیگریز میں مقابلہ جات کروائے گئے جس میں لڑکیوں کے خصوصی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں 30 کلو فیمیلز میں گولڈ میڈلسٹ فجر فاطمہ، 40 کلو فیمیلز میں گولڈ میڈلسٹ کائنات اور سکول بوائز گولڈ میڈلسٹ میں 30 کلو امام علی، 34 کلو بلال خان، 38 کلو سودیس خان اور ایلیٹ ویٹ گولڈ میڈلسٹ میں 57 کلو مظہر فیاض، 71 کلو عرفان خان، 75 کلو رافع نیازی اور 91 کلو ایم علی شامل ہیں۔پوزیشن ہولڈرز کو کیش انعامات، میڈل، ٹرافیز اور دیگر انعامات سے نوازا گیا۔

باکسرز نے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کلچر اینڈ ٹورازم سی ڈی اے/ایم سی آئی کے اس اقدام کو سراہا اور اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کرنے پر زور دیا۔ باکسنگ کے عالمی چمپئن محمد وسیم نے ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی/ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات، ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کلچر اینڈ ٹورازم کے ڈائریکٹر عامر شہزاد اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور اس بات پر زور دیا کہ باکسنگ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اس طرح کے مقابلہ جات اور ایونٹس منعقد کیے جائیں تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکے اور یہ نوجوان باکسرز دنیا میں ملک کا نام روشن کر سکیں۔ اسلام آباد باکسنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد شعیب خان نے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کلچر اینڈ ٹورازم اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ باکسنگ ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں ایم سی آئی اور سی ڈی اے کا بہت اہم کردار ہے۔