شیخ رشید احمد

اسلام آباد سیف سٹی اور وائرلیس کے ساتھ منسلک 150 موبائل موٹرایگل سکواڈز بنائے جائیں گے، شیخ رشید احمد

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کچھ عرصہ سے دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ،رات کو بھی ایک ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شہید ہوئے، اسلام آباد سیف سٹی اور وائرلیس کے ساتھ منسلک 150 موبائل موٹرایگل سکواڈز اسی ہفتے بنائے جائیں گے، نئی فورس 8 سے 10 دنوں میں کام شروع کردے گی، افغان بارڈر پرباڑ لگانے کا کام 88 فیصد مکمل ہو چکاہے ، ایران کے بارڈر پر بھی باڑ لگانے کا عمل رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔

جمعہ کو شمالی اور جنوبی وزیرستان کے 2 روزہ دورے پر روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ کچھ عرصہ سے اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں اور رات کو بھی ایک ہیڈ کانسٹیبل بشیرشاہ اور کانسٹیبل عاشق شاہ شہید ہوئے ہیں اور اس طرح ہمارے دور حکومت میں پولیس کے شہدا کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج جمعہ سے 2 روزہ دورے پر شمالی اور جنوبی وزیرستان کے دورے پر جا رہے ہیں تاکہ بارڈر مینجمنٹ کو دیکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو بہتر کرنے کے لئے افغان بارڈر پرباڑ لگا ررہے ہیں جو انشا اللہ 2 ماہ میں مکمل ہو جائے گی، اس وقت افغان بارڈر پرباڑ لگانے کا کام 88 فیصد مکم ہو چکا ہے ۔

اسی طرح ایران بارڈر پر بھی باڑ لگا رہے ہیں جس 44 فیصد کام ہو چکا ہے اور سال کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کی خواہش ہے کہ تمام بارڈر پر ایسا سسٹم لگایا جائےگا جس میں انٹرنس کی کوئی نہ کوئی سلپ ، انٹری اور الیکٹرانک انٹری و ایگزٹ ہو جس پر کام ہو رہا ہے ۔ اسلام آباد کو محفوظ بنانے کے لئے اسلام آباد سیف سٹی اور وائرلیس کے ساتھ منسلک 150 موبائل ایگل سکواڈ اسی ہفتہ میں بنائے جائیں گےجس میں 2، 2 افراد پر مشتمل 50 پرانے سکواڈ ہیں ۔ اس وقت ہمارے پاس ایگل سکواڈ کی 4 گاڑیاں ہیں اور بجٹ میں مزید 16 گاڑیاں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ 20 گاڑیاں اور 150 موٹربائیک کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کو محفوظ بنایا جائے گا کیونکہ اسلام آباد کے ساتھ خیبر پختونخوا اور پنجاب منسک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اسلام آبا داور پاکستان کی سلامتی کے لئے جانیں دیں۔ انشا اللہ 8 سے 10 دنوں میں نئی فور س اسلام آباد میں شروع کر دی جائے گی جس میں 150 موٹر بائیکس شامل ہوں گے اور لوگوں سے تعاون کی اپیل ہے۔