ملالہ 48

اسلام آباد دھماکا خوفناک و بزدلانہ جرم ہے، ملالہ یوسفزئی

لندن (رپورٹنگ آن لائن)نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے اسلام آباد مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے خوفناک و بزدلانہ جرم قرار دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اسلام آباد میں جمعے کی نماز کے دوران ایک مسجد پر ہونے والے حملے نے مجھے بُری طرح جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، میں خوفزدہ ہوں، یہ حملہ ہماری مشترکہ انسانیت، ایمان اور اقدار پر حملہ ہے۔انہوں نے لکھا کہ بے گناہ نمازیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا ایک گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ہے۔

ملالہ یوسف زئی نے اس حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ میری دلی ہمدردیاں تمام متاثرین، زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجة الکبریٰ میں خودکش دھماکے سے 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں