خواجہ آصف

اسلام آباد تک جنگ لانا کابل سے ایک پیغام، جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وزیر دفاع

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکے پر اپنے سخت ردعمل میں کہا ہے کہ یہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اب بھی حالتِ جنگ میں ہے۔

وزیر دفاع نے سماجی رابطے کی سائٹ ”ایکس“ پر جاری پوسٹ میں کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پاک فوج صرف سرحدی علاقوں یا بلوچستان کے دور دراز حصوں میں لڑ رہی ہے، وہ جاگ جائیں، آج اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں ہونے والا خودکش حملہ ایک ویک اپ کال ہے، جو یاد دلاتا ہے کہ یہ جنگ پورے پاکستان کی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج روزانہ اپنی جانیں قربان کر رہی ہے تاکہ عوام کو تحفظ اور اعتماد کا احساس ملے، موجودہ حالات میں کابل حکمرانوں سے کامیاب مذاکرات کی زیادہ امید رکھنا بے فائدہ ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کابل حکمران پاکستان میں دہشت گردی کو روک سکتے ہیں، اسلام آباد تک دہشت گردی لانا ایک واضح پیغام ہے، جس کا پاکستان بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ جی الیون کچہری کے باہر آج ایک زوردار خودکش دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، یہ حملہ بھارتی سپانسرڈ افغان طالبان کی پراکسی تنظیم کی جانب سے کیا گیا، دھماکے کے بعد مبینہ خودکش حملہ آور کا سر سڑک پر پڑا ہوا ملا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی، خودمختاری اور امن کی خاطر ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ آخری حد تک لڑی جائے گی۔