یوم آزادی

اسلامی جمہوریہ پاکستان کا75واں یوم آزادی کل قومی جذبے سے منایا جائیگا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)اسلامی جمہوریہ پاکستان کا75واں یوم آزادی کل ہفتہ کو قومی جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا جائیگا، بیرون ممالک میں سفارتخانوں اور ملک بھر کے تمام شہروں میں سرکاری عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے جائیں گے ، صبح 8:58بجے سائرن بجائے جائیں گے جس پر ہر قسم کی ٹریفک فوری طور پروہیں رک جائیگی ،

اس موقع پر ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی جس کا مقصد تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدو جہد میں جام شہادت نوش پانے والے غیوربزرگوں، بھائیوں سمیت غازیوں اور جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا ہے۔اس موقع پرسبز ہلالی پرچم لہرانے کی تقریبات ہوں گی ،اہم حکومتی شخصیات شہداکی یادگاروں پر حاضری دیں گی،پھولوں کی چادریں چڑھائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے کیلئے تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارات کو برقی قمقموں، سبز ہلال پرچموں، رنگ برنگی جھنڈیوں، جھنڈوں، تحریک پاکستان کے ہیروزکے قدآدم پورٹریٹس، فلیکس سائنز سے خوبصورتی سے سجا یا گیا ہے۔

اس موقع پر پوری قوم بیک زبان ہوکر اس عزم کا اعادہ کریگی کہ جس طرح 1947 میں پوری قوم کو ایک ملک کی ضرورت تھی اسی طرح اب ملک کو ایک قوم کی ضرورت ہے جو اپنے وطن عزیز کو جنت نظیر خطہ بنانے کیلئے کسی بھی قسم کے امتیاز، رنگ و نسل، عہدے و مرتبے، بڑے چھوٹے، امیر غریب کی تفریق سے بالا تر ہو کر پوری ملت کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر یہ ثابت کر دے کہ ان کے دکھ سکھ سانجھے اور وہ کسی بھی قدرتی آفت، آزمائش،مشکل کی گھڑی میں ثابت قدم رہیں گے۔
 یوم آزادی
یوم آزادی کے موقع پر نظریہ پاکستان فانڈیشن، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، پاکستان لورز فیڈریشن اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، کانفرنسز ودیگر خصوصی تقریبات کابھی سادگی سے اہتمام کیا جائے گا۔یوم آزادی کے موقع پر مختلف تقریبات کے دوران قومی ترانے و ملی نغمے پیش کئے جائیں گے اور اس موقع پرقرات و نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
 یوم آزادی
یوم آزادی کے موقع پر پنجاب پولیس، محکمہ جیل خانہ جات، سول ڈیفنس، قومی رضاکاران اور ریسکیو 1122کے دستے مارچ پاسٹ کریں گے اور اس موقع پرطلبا و طالبات کے مابین تقریری مقابلوں کابھی اہتمام کیا جائیگا نیز جیلوں اور ہسپتالوں میں خصوصی پروگرامات کا بھی انعقاد ہو گا۔ یوم آزادی کے موقع پر پی ایچ اے کی جانب سے پھولوں کی نمائش بھی کی جائیگی۔