او آئی سی

اسلامی تعاون تنظیم اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر غور

ریاض(رپورٹنگ آن لائن)ترکیہ کی کوششوں سے یکجا ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کی ہنگامی اجرا کمیٹی کا اجلاس جدہ میں منعقد ہوا جس میں افغانستان کی صورت حال اور خواتین کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق سعودی شہر جدہ میں تنظیم کے مستقل نمائندوں کے اجلاس میں افغانستان کی بگڑتی ہوئی سماجی و اقتصادی صورتحال پر توجہ دی گئی۔ کمیٹی نے افغانستان میں طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں تعلیم نسواں اور سماجی تنظیموں سے متعلق اپنے قوانین پر نظر ثانی کرے جبکہ کمیٹی اس حوالے سیافغانستان کیلئے دوسری بار علمائے کرام کا ایک وفد روانہ کرے گی ۔

علاوہ ازیں اجلاس میں عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ افغان عوام کو درپیش معاشی مسائل کو حل کرنے میں مدد کرے۔ وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے خطے کی صورتحال پر غور کے لیے انڈونیشیا ،سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اور قطری ہم منصبوں سے بات چیت کی تھی ۔ افغانستان کی صورت حال پر اگلا وزرائے خارجہ کونسل کا 49واں اجلاس موریطانیہ کے دارالحکومت نواکشوط میں 16سے 17مارچ کے درمیان ہوگا۔