چیئرمین ایچ ای سی

اسلامیہ یونیورسٹی واقعے میں جو بھی ملوث ہے اس کو چوک میں لٹکا دینا چاہیے، ایچ ای سی

بہاولپور(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور واقعے میں جو بھی ملوث ہے اسے چوک پر لٹکا دینا چاہیے۔

چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ باپ اور استاد کی حیثیت سے چاہتا ہوں اللہ کرے واقعہ جھوٹ ہو اگر واقعہ سچا ہے تو ہمیں کسی کو بھی نہیں چھوڑنا چاہیے اور مثال بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اداروں کو یہ کیا ہوگیا ہے یہ سب باعث شرم ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ ایچ ای سی نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ یونیورسٹی سے حاصل کرلی ہے، 26 جولائی کو قائمہ کمیٹی نے وی سی ودیگر حکام کے ساتھ مقامی انتظامیہ کو طلب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سزا کا عمل جب تک نہیں ہوگا یہ چیزیں چلتی رہیں گی، واقعے میں جو بھی ملوث ہے اس کو چوک پر لٹکا دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ایک شرمناک ڈرگ اسکینڈل سامنے آیا ہے، یونیورسٹی کے گرفتار چیف سیکیورٹی افسر اعجاز شاہ کے موبائل سے ساڑھے پانچ ہزار نازیبا ویڈیوز بھی برآمد ہوئیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس حکام کی جانب سے ویڈیوز کا معاملہ دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، دوسری طرف اسلامیہ یونیورسٹی نے اپنے تین افسروں کی گرفتاری کو سازش قرار دیا۔

اس سلسلے میں یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر ابو بکر، چیف سیکیورٹی آفیسر سید اعجاز شاہ اور ٹرانسپورٹ آفیسر الطاف گرفتار ہیں۔