اسلامیہ یونیورسٹی

اسلامیہ یونیورسٹی بہاوپور اسکینڈل تعلیمی نظام پر بدترین داغ ہے

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاوپور اسکینڈل تعلیمی نظام پر بدترین داغ ہے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاوپورواقعہ میں ملوث مجرمان کو سخت ترین سزائیں دی جائیں۔تعلیمی اداروں میں تعلیم کے نام پر بے حیائی و فحاشی کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو تباہ کیا جارہا ہے۔

تعلیمی اداروں میں میوزک کنسرٹ،میوزیکل شوز، ہندوں کی ہولی، دیوالی اور مغرب کے بیہودہ کلچر کوفروغ دیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں اسلامیہ یونیورسٹی بہاوپور سکینڈل اور تعلیمی اداروں کی جانب سے داخلہ اور سمسٹرز فیسیوں میں اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتیہوئے کیا۔

ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک کا تعلیمی نظام تربیت اور شعور کی آماجگاہ بننے کی بجائے بزنس کا ذریعہ بن چکا ہے۔ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم کا حصول مشکل ترین امر بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی یونیورسٹیز نے فیسوں میں اضافہ کرکے طلبہ پر اور غریب والدین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ظالم حکمران تعلیم کو مفت کرنے کی بجائے فیسیوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے غریب کے بچوں کو تعلیم سے دور کررہے ہیں۔

امیر لاہور نے حکومت سے مطالبہ کرتیہوئے کہا کہ استا د جیسے مقدس مقام کو بدنام کرنے والیاسلامیہ یونیورسٹی بہاوپور کے درندہ صفت اہلکاروں کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں اور حالیہ داخلوں اور مختلف سمسٹرز کی فیسوں میں ظالمانہ اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے۔