سانگلہ ہل(رپورٹنگ آن لائن )مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ،سابق گورنر وفاقی وزیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ اسلام ایک امن پسندمذہب ہے جوبھائی چارے، ایثار اورقربانی کادرس دیتاہے، عیدالاضحی کے بابرکت موقع پر ہمیں چاہیے کہ اپنے اردگرد موجود غریب اور مستحق افراد کو بھی خوشیوں میں شامل کریں، یہی قربانی کا اصل فلسفہ ہے۔
انہوں نے اپنے عید پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی تمام مسلمانوں کی عبادات، قربانیاں اور حج کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور پاکستان پر اپنی رحمتوں کا نزول فرمائے۔ انہوں نے خاص طور پر ملک کی سرحدوں کے محافظوں، پاک فوج کے بہادر افسران اور جوانوں کے تحفظ اور کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعائیں ان شہدا اوران کے اہل خانہ کے لیے بھی ہیں جنہوں نے وطن عزیز پر اپنی جانیں نچھاور کیں۔چوہدری برجیس طاہر نے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی محبت، خلوص اور عید کی دلی مبارکباد دی اور کہا کہ وہ بیرونِ ملک رہ کر بھی ملک کا وقار بلند کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک کو اتحاد، یکجہتی اور باہمی اعتماد کی ضرورت ہے، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت اور افواج پاکستان ایک ہی پلیٹ فارم پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے جو دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔آخر میں انہوں نے حلقہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے اس موقع پر نہ صرف خوشیاں بانٹیں بلکہ ملک کے استحکام اور ترقی کے لیے دعا کریں۔