نارووال (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بلاجواز اور غیر قانونی اقدام ہے جو ایران کی خودمختاری اور بین الاقوامی اصولوں کی صریحاًخلاف ورزی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی قوانین پر مبنی نظام کی بنیادوں کو کھوکھلا کرتے ہیں اور علاقائی امن و بین الاقوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ قانونی جواز یا بین الاقوامی اجازت کے بغیر طاقت کا استعمال ایک خطرناک نظیر قائم کرتا ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس غیر ذمہ دارانہ جارحیت کا فوری نوٹس لینا چاہیے خطے میں مزید عدم استحکام کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ پاکستان ریاستوں کی خودمختاری، عدم جارحیت اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر مضبوطی سے قائم ہے۔