غزہ (رپورٹنگ آن لائن )اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کی تجویز پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ حماس کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔رد عمل میں حماس نے کہا ہے کہ وہ فلسطینی دھڑوں کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق حماس کے ترجمان جہاد طہ نے کہا کہ تحریک تجاویز کو مثبت اور لچکدار روح کے ساتھ دیکھ رہی ہے تاکہ ہمارے عوام کے مفادات اور قومی اور انسانی مسائل کو پورا کیا جا سکے اور جنگ کا خاتمہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم فلسطینی مزاحمتی دھڑوں کے ساتھ معاہدے کے بارے میں مشاورت کر رہے ہیں تاکہ ایک متحد فلسطینی موقف تشکیل دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ جنگ کو روکنے اور قابض قوت کو بغیر کسی چال بازی اور تاخیر کے طے شدہ معاہدے کی پابندی کرنے پر مجبور کرنے کے لیے علاقائی ملاقاتوں اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔