سید یوسف رضا گیلانی

اسرائیل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے،قائم مقام صدر

پشاور(رپورٹنگ آن لائن) قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے اسرائیل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، ہم اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں، وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے جمہوریت ہے، آئین کے مطابق کام کریں گے، ہم نے اسرائیل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، ہم اتحادی ملکوں کے ساتھ ملکر چل رہے ہیں، وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امریکا گئے ہیں، یہ صرف اکیلے وزیراعظم کا فیصلہ نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور میں آپریشن کیا، 90 روز کے اندر لوگوں کو اپنے گھر بھیجا، ساتویں این ایف سی ایوارڈ کا اعلان گوادر میں کیا تھا، صوبوں کو حقوق دینے کے حق میں ہیں، نئے صوبوں کا طریقہ کار آئین میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ خبریں نہیں بننے دوں گا، آپ چاہتے ہیں کہ وہاں نواز لیگ اور یہاں گنڈاپور سے لڑائیں، خارجہ پالیسی وفاقی حکومت کا اختیار ہے، وفاق نے طے کرنا ہے کہ ملک کی کیا پالیسی ہونی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھارت نے حملہ کیا تو بلاول بھٹو نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا موقف پیش کیا، ہم جمہوریت کی بات کرتے ہیں، ہم نے اسمبلی توڑنے کا اختیار 58 ٹو بی ختم کیا، ہم نے تیسری بار وزیراعظم بننے کی شق ختم کی اس کا فائدہ کس کو ہوا۔