اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اسرائیل انسانیت سوز مظالم کے ذریعے فلسطینیوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے، اسرائیل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے، اسرائیلی ہٹ دھرمی اور مظالم کے آگے اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسرائیلی فورسز کی غزہ سٹی میں سکولوں پر بمباری اور جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئیکہا کہ اسرائیل انسانیت سوز مظالم کے ذریعے فلسطینیوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے، اسرائیل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے، اسرائیلی ہٹ دھرمی اور مظالم کے آگے اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایک سو سے زائد معصوم اور بے گناہ فلسطینی شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر ظلم اور بربریت کی جو دستان رقم کی ہے اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ اسرائیلی مظالم اور بربریت پر انسانیت شرمندہ ہے، اقوام متحدہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم اور جارحیت کے خلاف منظور ہونے والی اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینی عوام اور حکومت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔