تل ابیب (رپورٹنگ آن لائن)اسرائیلی اور مراکش کے درمیان تعلقات معمول پرلانے کے اعلان کے بعد دونوں ملکوں میں 22 دسمبر سے فضائی سروس کا آغاز ہو گا۔
اس سلسلے میں سب سے پہلے اسرائیل سے العال فضائی کمپنی کا طیارہ رباط کے لیے روانہ ہو گا۔عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی کمپنی العال کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فضائی کمپنی کی پروازایل اوائی 555چھ گھنٹے کا فضائی سفر طے کر کے رباط پہنچے گی جو دونوں ملکوں کی درمیان تعلقات معمول پر لانے کے بعد پہلی براہ راست پرواز ہو گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مراکش اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پرلانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد دونوں ملکوں کی قیادت امریکا کی میزبانی میں سفارتی تعلقات کے قیام کا معاہدہ کرے گی۔امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے گذشتہ ہفتے انکشاف کیا تھا کہ وہائٹ ہائوس کے مشیر جیرڈ کشنر ایک امریکی وفد کے ہمراہ اسرائیل اور مراکش کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی وفد اسرائیلی وفد کو ساتھ لے کر مراکش جائے گا جہاں مراکشی اور اسرائیلی حکام براہ راست بات چیت کریں گے۔