مسعود بزشکیان

اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے،سعودی ولی عہد کا ایرانی صدر سے رابطہ

ریاض(رپورٹنگ آن لائن)سعودی ولی عہد ووزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کیصدر ڈاکٹر مسعود بزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں ولی عہد نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید کا اظہار کیا۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے مملکت کے مذمتی موقف کا اعادہ کیاا اور ان حملوں کو ایران کی خودمختاری اور سلامتی کو سبوتاژ کرنے، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے اس موقف کو دہرایا کہ اسرائیلی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بحران کے حل کیلیے جاری مذاکرات ، کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل تک پہنچنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالی ہے۔

اس سے قبل سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر رابطے میں مشرق وسطی میں سلامتی، امن اور استحکام کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا تھا۔