دی ہیگ (رپورٹنگ آن لائن)بین الاقوامی فوجداری عدالت(آئی سی سی) کے نئے فیصلے سے فلسطینیوں کیخلاف صہیونی ریاست کے جرائم کی تحقیقات کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی )کی جانب سے 1967ء کے بعد سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اپنے دائرہ اختیار میں توسیع کا فیصلہ جاری کیاگیا ہے،یہ بات ممکنہ جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے عدالت کی منظوری کے فریم ورک میں شامل ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جن جرائم کا ارتکاب کیا ہے ان کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔بین الاقوامی فوجداری عدالت فلسطین کے علاقوں میں اسرائیل کے ذریعہ ممکنہ جنگی جرائم کی تحقیقات پر متفق ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اس کا دائرہ اختیار 1967ء کی چھ روزہ جنگ سے اسرائیل کے زیر کنٹرول علاقوں تک پھیلا ہوا ہے،اس فیصلے سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے عدالت کی کارروائی کا آغاز ہونے کی راہ ہموار ہوگی۔ادھر فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے، القدس سمیت 1967ء میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں عالمی عدالت کا دائرہ اختیار مثبت پیش رفت ہے۔
