اسد عمر

اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس، لازمی ویکسی نیشن کےلئے سخت اقدامات لینے کا فیصلہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر( این سی او سی ) نے کورونا وائرس کی پانچویں لہر اومیکرون کے تیزی سے پھیلاﺅ کو خطرناک قرار دیتے ہوئے لازمی ویکسی نیشن کے لیے سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا ہے ،

تفصیلات کے مطابق پیر کے روزوفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وبا کی بدلتی صورتحال، قومی ویکسی نیشن مہم اور بیماری کے پھیلا کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لازمی ویکسی نیشن کے لیے سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کی پانچویں لہر اومیکرون تیزی سے پھیل رہی ہے، گزشتہ تین روز میں کراچی کی مثبت شرح 2سے 6فیصد تک پہنچ گئی، پانچویں لہر سے بچنے کے لیے شہری ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلوں کو یقینی بنائیں،

اجلاس میں اضلاع کے مطابق بھی ویکسی نیشن مہم کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر این سی او سی میجر جنرل محمد ظفر اقبال، وفاقی وزیر عمر ایوب اور ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شریک ہوئے،معاون خصوصی صحت نے کہا کہ ملک میں کوروناکی پانچویں لہرنظرآناشروع ہوگئی، گزشتہ 4 روزسے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے اور کراچی میں کوروناکیسز کاتناسب بڑھاہے،ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا بوسٹرڈوزلگناشروع ہوگئی،ملک میں کوروناکے مثبت کیسوں کی شرح1.05ہے۔