اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ایرانی سفیر نے نائب وزیر اعظم کو ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی جانب سے نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور ان کے نام ایک خط بھی پہنچایا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا۔
ملاقات کے دوران ایرانی سفیر نے مختلف دوطرفہ ادارہ جاتی میکانزم کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی پیش رفت سے نائب وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم نے اہم ترجیحی شعبوں میں ایران کے ساتھ روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔









