اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی نے آئندہ ہفتے پارٹی منشور عوام کے سامنے لانے کا اعلان کردیا۔استحکام پاکستان پارٹی رہنما فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت آئندہ ہفتے اپنا منشور لارہی ہے، ہم تمام تقاضے پورے کرکے باضابطہ رجسٹریشن کےلیے الیکشن کمیشن جارہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عون چودھری نےایک پٹیشن سپریم کورٹ میں دی ہے،اگر کوئی جماعت سیاست کی آڑمیں ریاست تہس نہس کرنے کا ایجنڈا لیکر چل رہی ہے تو اس پر پابندی لگانی چاہیئے ، یہ پٹیشن انفرادی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنی ذات کو ریاست پر ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم آنے والے الیکشن میں بھرپورحصہ لیں گے، ہرحلقہ میں امیدوارکھڑے کریں گے،ماضی میں نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا، آئی پی پی نوجوانوں کے مستقبل کے لیے روڈ میپ تعین کرنے جارہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ذراعت کے شعبے میں انقلاب لانے کی جھلک آئی پی پی کے منشور میں نظر آئے گی، آئی پی پی ملک کا حقیقی چہرہ دنیا کو دکھانے جارہی ہے، ہم محض دعوے نہیں بلکہ سچ کر کے دکھائیں گے ۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین کے بھائی کی وفات ہوئی ہے ان کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔