لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے ٹاپ جیولین تھرور ارشد ندیم ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ہنگری میں 19 سے 27 اگست تک کھیلی جائے گی۔
ارشد ندیم ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے کوالیفائی کرنے والے واحد پلیئر ہیں۔ ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری محمد طفر نے ارشد کی شرکت کی تصدیق کردی۔محمد ظفر کے مطابق ارشد ندیم فٹ ہوچکے ہیں اور ایونٹ کیلئے ٹریننگ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ارشد ندیم انجری کی وجہ سے حال ہی میں ایشین چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔
ہنگری میں ہونیوالی ورلڈ ایتھلیٹکس میں جیولین تھرو کا پہلا راؤنڈ 25 اگست اور فائنل 27 اگست کو ہوگا۔ایتھلیٹکس فیڈریشن چیمپئن شپ میں ارشد ندیم سے اچھے نتائج کیلئے پْرامید ہے۔ارشد ندیم جیولین تھرو کی عالمی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ پاکستانی تھروور نے گزشتہ سال کامن ویلتھ گیمز اور اسلامک گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔گزشتہ سال ہونیوالی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد کی پانچویں پوزیشن رہی تھی۔