اردن کی پارلیمنٹ

اردن کی پارلیمنٹ اکھاڑے میں تبدیل‘ اراکین آپس میں لڑ پڑے ‘ایک دوسرے پر گھونسوں کی بارش

عمان (رپورٹنگ آن لائن) اردن کی پارلیمنٹ اکھاڑے میں تبدیل ہوگئی ، حکومتی اور اپوزیشن اراکین آپس میں لڑ پڑے جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے ‘پارلیمنٹ میں آئین میں ترامیم کا بل پیش کرنے کے دوران اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان بحث شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اراکین نے اسمبلی ہال کو ریسلنگ رنگ میں تبدیل کر دیا ‘ اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اردن کی پارلیمنٹ میں آئین میں ترامیم کا بل پیش کرنے کے دوران اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان بحث شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اراکین نے ایک دوسرے پر گھونسوں کی برسات کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اجلاس کا آغاز مجوزہ آئینی ترمیم پر بحث کے ساتھ ہوا ، جس کے تحت اردن باشندوں کے حقوق اور فرائض سے متعلق آئین کے دوسرے باب میں اردن خواتین کی اصطلاح شامل کی جانی تھی،بحث اتنی بڑھ گئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے حکومتی اور اپوزیشن ارکان آپس میں لڑ پڑے۔اراکین کے درمیان جھگڑے کے بعد اردن پارلیمنٹ کے اسپیکر واک آو¿ٹ کر گئے اور اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔